قطر کے قریب آئل ٹینکر پر نامعلوم اشیا سے حملہ، برطانوی بحری ادارے کی تصدیق

0

قطر کے قریب سمندر میں ایک آئل ٹینکر کو دو نامعلوم گولہ نما اشیا سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد خلیجی خطے میں بحری سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی بحری تجارتی آپریشنز ادارے (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا کہ واقعہ 4 نومبر کی رات 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ آئل ٹینکر کو قطر کے شہر مدینۃ الشمال سے تقریباً 50 بحری میل شمال میں نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی بحری ادارے کے مطابق ٹینکر پر دو نامعلوم گولہ نما اشیا سے حملہ کیا گیا، تاہم ان اشیا کی نوعیت اور حملہ کرنے والوں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔

حملے کے نتیجے میں جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور عملے کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ واقعے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات بھی واضح نہیں ہوسکے۔

برطانوی بحری ادارے نے علاقے میں موجود دیگر تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خلیج اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب قطر خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے، تاہم تجارتی جہازوں پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات نے سمندری راستوں کی حفاظت اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں