جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کو طویل عرصے سے تجربہ گاہ بنایا گیا ہے، اب انضمام ختم کرنے کی تجاویز سامنے آرہی ہیں، تاہم قبائلی علاقوں کا اصل مسئلہ آئینی نہیں بلکہ وہاں موجود قیمتی معدنی وسائل ہیں۔
پشاور میں ڈیجیٹل میڈیا ورکرز جمعیت فاٹا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کو تقریباً دس سال مکمل ہونے والے ہیں، لیکن اب تک وہاں بندوبستی علاقوں جیسا انتظامی نظام قائم نہیں ہوسکا۔ ان کے مطابق اعلیٰ سطح پر انہیں بتایا گیا ہے کہ انضمام کا فیصلہ غلط تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلے انضمام کا فیصلہ کس کے کہنے پر کیا گیا اور اب اسے ختم کرنے کی باتیں کس کے اشارے پر ہورہی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں اصل مسئلہ معدنی ذخائر کا ہے۔ انہیں معدنیات کی تلاش اور ترقی پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم وسائل کے حوالے سے کیے جانے والے معاہدے عوام کے سامنے لائے جائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قیمتی پتھر امریکی حکام کے دفاتر میں پیش کیے گئے ہیں اور امریکی حکام بھی اس معاملے میں پیش رفت کا اعتراف کرچکے ہیں۔
گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر سوال اٹھاتے ہوئے جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہ اقدامات دہشت گردی کے بیانیے کی بنیاد پر کیے گئے، لیکن ان کے نفاذ کے بعد دہشت گردی کا شور بھی ختم ہوگیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک ہی صوبے میں دو الگ انتظامی نظام کیوں قائم کیے جارہے ہیں؟ ان کے مطابق گورنر راج کے تحت گورنر کونسل وزیراعظم کے ماتحت ہے، جبکہ ایمرجنسی کے نفاذ والے اضلاع وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوہاٹ کو بھی ایمرجنسی والے اضلاع میں شامل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے صدر مملکت کو بھجوا دیے گئے، لیکن گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے روز کابینہ میں ان کی بات تک پیش نہیں کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست قبائلی عوام کے خدشات دور کرے اور ان کے وسائل سے متعلق معاہدے منظرعام پر لائے۔
سیاسی ماحول پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الزام تراشی اور کردار کشی کی مہم سے سیاسی فضا خراب ہورہی ہے۔ وہ اختلاف رائے اور مکالمے پر یقین رکھتے ہیں، اس لیے ان کے خلاف تشہیری مہم چلانے کے بجائے سیاسی بات چیت کی جائے۔
خواجہ آصف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے انہیں اپنا محترم اور بڑا بھائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خواجہ آصف سے صرف تھوڑی سی گدگدی کی تھی، لیکن انہیں غصہ اگلے روز آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے اسی روز ایوان میں انہیں جواب دے دیا تھا، تاہم وہ تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں اور جواب دینا بھی جانتے ہیں۔
گورنر کی جانب سے افغانستان جانے کا مشورہ دینے کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ماضی میں آپ بھی انگریزوں کے ماتحت تھے تو پھر آپ بھی برطانیہ چلے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ریاست قبائلی عوام کو ان کے وسائل کے حوالے سے اعتماد میں لے۔ ان کے مطابق حکومت اور سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہییں اور ملک میں صحت مند سیاسی ماحول کو فروغ دینا چاہیے۔







