عمان کو بمباری کی دھمکی، ایران سے سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد ایران اور آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی پالیسی پر اہم بیان دیا ہے۔

فوکس نیوز کے صحافی ٹری ینگسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر عمان نے آبنائے ہرمز کے معاملے میں امریکی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالی تو امریکا عمان پر شدید بمباری کرسکتا ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے عمان کو دی جانے والی یہ دھمکی غیر معمولی قرار دی جارہی ہے، کیونکہ عمان خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

ٹرمپ نے ایران سے ایک بار پھر ہتھیار ڈالنے اور امن کی علامت کے طور پر سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت اچھے پوکر کھلاڑی ہیں، تاہم ان کے بقول ایران اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے۔

ایران کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ کوئی مقررہ ٹائم ٹیبل موجود نہیں اور وہ جلد بازی میں نہیں ہیں، تاہم امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

دوسری جانب ٹرمپ نے ان رپورٹس کو بھی مسترد کردیا جن میں کہا گیا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکا کے پیٹریاٹ میزائلوں اور ٹوماہاک کروز میزائلوں سمیت جدید ہتھیاروں کے ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا نے اپنے دستیاب اسلحے کا صرف ’’مونگ پھلی کے دانے جتنا‘‘ حصہ استعمال کیا ہے۔

صورتحال کے باعث آبنائے ہرمز اور خلیج میں کشیدگی پر عالمی سطح پر تشویش برقرار ہے، جبکہ عمان کا سفارتی کردار بھی خطے میں ممکنہ مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم سمجھا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں