عظمیٰ بخاری کا سندھ حکومت پر تنقید، پنجاب کی کارکردگی کا دفاع

0

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی کارکردگی پر سوال اٹھانے والوں کو پہلے اپنے صوبے کی صورتحال کا جائزہ لینا چاہیے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے سندھ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور مختلف اسکینڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسی معاملے میں شکایت سامنے آئے تو صوبائی حکومت اسے چھپانے کے بجائے کارروائی اور تحقیقات کے لیے سامنے لاتی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دینے کے لیے تیار ہے، تاہم بغیر ثبوت کسی پر کرپشن کے الزامات لگانا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق ایسے الزامات پر قانونی کارروائی کا راستہ بھی اختیار کیا جاسکتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی کے منصوبوں سے متعلق مسلسل اجلاس بھی جاری ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کو گھروں تک صاف پانی کی بوتلیں پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر اطلاعات نے سندھ کے بعض علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی صورتحال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں بنیادی سہولتوں کے مسائل موجود ہیں، اس لیے پنجاب کے اقدامات پر اعتراض کرنے سے پہلے اپنی کارکردگی پر توجہ دینی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب کو پانی کی فراہمی کے لیے ٹینکر مافیا پر انحصار نہیں کرنے دیا جارہا اور حکومت مستقل بنیادوں پر شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں