عائزہ خان نے دانش تیمور سے علیحدگی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

0

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے شوہر اور اداکار دانش تیمور سے مبینہ علیحدگی اور طلاق سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں پر اپنا ردعمل دے دیا ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جارہے تھے۔ ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب عائزہ خان دانش تیمور کے ڈرامے ’ہمراہی‘ کے فائنل کی سنیما پریمیئر تقریب میں نظر نہیں آئیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے عائزہ خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دانش تیمور کے ساتھ موجود بعض تصاویر میں مبینہ تبدیلیوں یا تصاویر ہٹائے جانے کو بھی مختلف انداز میں جوڑا، جس کے بعد دونوں کی علیحدگی سے متعلق چہ مگوئیاں بڑھ گئیں۔

عائزہ خان اور دانش تیمور پاکستانی شوبز کی مقبول جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور ان کی ازدواجی زندگی ہمیشہ مداحوں کی دلچسپی کا مرکز رہی ہے۔

تاہم اب عائزہ خان نے ایک فین پیج کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے طلاق اور علیحدگی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ اداکارہ کے مختصر ردعمل سے واضح ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ قیاس آرائیاں حقیقت پر مبنی نہیں۔

اداکارہ کے جواب کے بعد ان کے مداحوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر جوڑے کے حق میں تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے اگرچہ عائزہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں سوالات بھی اٹھائے۔

یوں عائزہ خان کے ردعمل نے فی الحال ان کی اور دانش تیمور کی علیحدگی سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر دونوں کے حوالے سے بحث تاحال جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں