سیالکوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد معروف ٹک ٹاکر انصر محمود المعروف مسٹر پتلو نے پہلی مرتبہ تفصیلی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر پتلو نے واقعے میں اپنی ذمہ داری سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے وقت وہ اسپتال میں زیرِ علاج تھے اور کمر کی شدید تکلیف کے باعث چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ انہیں قصوروار قرار دینے سے پہلے تمام شواہد کا جائزہ لیا جائے۔
انصر محمود نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سانحے پر انتہائی افسردہ ہیں۔ ان کے مطابق شادی کی تقریبات پانچ، چھ اور سات تاریخ کو منعقد ہونا تھیں، جن میں مہندی، بارات اور ولیمے کی تقریبات شامل تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک تقریب عوام کے لیے بھی رکھی گئی تھی، جس کا مقصد ضرورت مند افراد کی مدد، مستحق لڑکیوں کی شادیوں کا انتظام، راشن اور تحائف تقسیم کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں عوام کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مسٹر پتلو نے دعویٰ کیا کہ تقریب سے 10 سے 15 روز قبل انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے شرکاء کو نظم و ضبط برقرار رکھنے، قطار میں رہنے اور ایک دوسرے کو دھکا نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔ ان کے مطابق تقریب کے لیے باقاعدہ این او سی بھی حاصل کیا گیا تھا۔
اپنی موجودہ صورتحال کے حوالے سے انصر محمود نے بتایا کہ کمر کی تکلیف کے باعث وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور سہارے کے بغیر چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کی خراب صحت اور قریبی ساتھیوں کی جانب سے مشکل وقت میں ساتھ چھوڑنے کا بھی ذکر کیا۔
ویڈیو بیان میں مسٹر پتلو نے شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے خودکشی کے خیالات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں جینے کی خواہش محسوس نہیں ہو رہی۔ ان کے اس بیان نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صحت بہتر ہونے کے بعد وہ خود متعلقہ حکام کے سامنے پیش ہوں گے اور مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ سانحے کی مکمل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔







