اوسلو (ناروے)سفارت خانہ پاکستان میں سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ کی طرف سے سابقہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی آصف حمید صاحب کےاعزاز میں شاندار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور نئے آنے والے ویلفیئر اتاشی محمد فراز کو انتہائی محبت سے خوش آمدید کہا گیا
محترم آصف حمید صاحب کے اعزاز میں منعقدہ اس خوبصورت الوداعی تقریب میں حاضرین محفل سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور کمیونٹی کے لیے جناب آصف حمید صاحب کی لازوال خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جب کوئی پاکستانی تلاش معاش کے سلسلے میں بیرون ملک جا بستاہے تو پھر اس کے لیے وہاں کی کمیونٹی اور پاکستانی سفارت خانہ ہی بہترین دوست ہوتے ہیں, انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جب سفارت خانے کا عملہ اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہوتے ہوئے انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے لیے کوشش کرتا ہے تو اس سے کمیونٹی ممبران کے دل میں ان کی عزت بڑھ جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ جناب آصف حمید نے بطور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی اپنے فرائض جس خوبصورت انداز میں نبھائے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔







اس الوداعی تقریب کے موقع پر سفیرِ پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے محترم آصف حمید صاحب کو کمیونٹی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں خوبصورت یادگاری شیلڈ سے نوازا۔
اس موقع پر سفارت خانے میں سابقہ ویلفیئر اتاشی آصف حمید صاحب نے اپنے اعزاز میں منعقد کیے گئے خوبصورت الودائی پروگرام کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی اور سفارت خانے کے تمام عملے کا شکریہ ادا کیا, خوبصورت محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں اور کمیونٹی کے لیے میں نے جو کچھ بھی کیا وہ میرا فرض تھا، انہوں نے کہا کہ میں جہاں بھی چلا جاؤں اپ لوگوں کی خدمت کے لیے ہمیشہ حاضر رہوں گا، انہوں نے کہا کہ وہ اب پاکستان کے شہر اسلام آباد میں فرائض سر انجام دیں گے اور اگر ناروے سے آپ جب پاکستان آئیں اور آپ کو پاکستان میں میرے لائق کوئی کام ہو تو میں وہاں پر بھی حاضر ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب اوورسیز پاکستان کے جھنڈے کو بلند کیے ہوئے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور جو پاکستان سے محبت کرتا ہے میں بھی اس سے محبت کرتا ہوں، میں آپ کی محبتوں کا اورآپ کے پیار کا شکر گزار ہوں۔







الوداعی تقریب کے موقع پر مہمانوں کی طرف سے محترم آصف حمید صاحب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گۓ۔




اس موقع پر نئے آنے والے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمد فراز نے کہا کہ آپ لوگوں نے جس خوش دلی سے میرا استقبال کیا ہے اس کے لیے میں آپ لوگوں کا تہی دل سے شکر گزار ہوں اور کوشش کروں گا کہ آپ لوگوں نے مجھ سے جو امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں میں ان پر پورا اتر سکوں انہوں نے مزید کہا کہ اپنی کمیونٹی کی خدمت کو میں اپنا فرض سمجھتا ہوں۔




سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ کی طرف سے سابقہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی آصف حمید صاحب کے اعزاز میں منعقد کی گئی اس خوبصورت الوداعی تقریب میں اسلامک کلچرل سنٹر ناروے کے سابقہ امام مولانا حافظ محبوب الرحمن, سینٹرل جماعت اہل سنت کے امام و خطیب سید نعمت اللہ شاہ بخاری کے علاوہ فلاحی تنظیموں کے ذمہ داران, سیاسی, مذہبی راہنماء، میڈیا نمائندگان و اوورسیز پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔




















اس الوداعی تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے محترم آصف حمید صاحب اور نئے آنے والے کمیونٹی اتاشی محمد فراز صاحب سمیت دیگر تمام حاضرین محفل کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔







