رحمِ مادر میں کامیاب سرجری، پیدائشی نقص دور، بچہ مکمل صحت کے ساتھ پروان چڑھنے لگا

0

اسلام آباد: طب کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں برطانوی اور امریکی ماہرینِ طب نے مشترکہ کوششوں سے رحمِ مادر میں موجود بچے کی کامیاب سرجری کر کے ایک پیچیدہ پیدائشی نقص کو درست کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس جدید طبی طریقۂ علاج کے بعد بچہ صحت مند حالت میں دنیا میں آیا اور اب پانچ ماہ کی عمر میں معمول کے مطابق نشوونما پا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 29 سالہ خاتون مائزی سیویج کے حمل کے دوران معمول کے طبی معائنے میں معلوم ہوا کہ ان کے ہونے والے بچے کو گیسٹروشیسس (Gastroschisis) نامی پیدائشی عارضہ لاحق ہے۔ اس بیماری میں بچے کی ناف مکمل طور پر تشکیل نہیں پاتی، جس کے باعث آنتیں پیٹ سے باہر نشوونما پانے لگتی ہیں۔

ماہرین نے حمل کے 26ویں ہفتے میں جدید طبی ٹیکنالوجی کی مدد سے انتہائی حساس اور پیچیدہ آپریشن کیا، جس کے دوران بچے کی آنتوں کو احتیاط سے دوبارہ پیٹ کے اندر منتقل کیا گیا۔ یہ تجرباتی پروگرام کا حصہ تھا اور اس طریقۂ علاج سے فائدہ اٹھانے والا تھیو دنیا کا صرف تیسرا بچہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بچے کی پیدائش کے بعد ڈاکٹروں نے اس کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا، جبکہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود اس کی جسمانی نشوونما معمول کے مطابق جاری ہے۔ والدین نے اس کامیاب علاج کو اپنی زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ قرار دیتے ہوئے طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بیٹے کو “معجزہ” قرار دیا۔

طبی ماہرین کے مطابق گیسٹروشیسس ایک نایاب مگر سنگین پیدائشی بیماری ہے، جو تقریباً ہر تین ہزار پیدائشوں میں ایک بچے کو متاثر کرتی ہے۔ پیچیدہ صورتوں میں بچوں کو پیدائش کے بعد متعدد آپریشن، طویل عرصے تک انتہائی نگہداشت، خصوصی غذائی معاونت اور بعض اوقات آنتوں کی پیوندکاری کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر رحمِ مادر میں ہی ایسے نقائص کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو جائے تو بچوں کی بقا کے امکانات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ پیدائش کے بعد درپیش پیچیدگیوں اور طویل علاج کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔

طبی حلقوں نے اس کامیاب آپریشن کو ماں اور بچے کی صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس جدید تکنیک سے مزید بچوں کی زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں