پشاور: جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے لانگ مارچ کے دوران بڑے بڑے دعوے کیے، لیکن عوامی مینڈیٹ کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خلاف عوامی احتجاج نہ ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
پشاور میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، لانگ مارچ بھی کیا گیا، لیکن اس کے باوجود صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہونے پر کوئی مؤثر عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے حکومت، اداروں اور عوام کے درمیان بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے تاکہ بداعتمادی کی خلیج ختم کی جاسکے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں پسند اور ناپسند کی سیاست ختم ہونی چاہیے اور خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل پر صوبے کا حق تسلیم کیا جائے۔ معدنیات سے متعلق تمام معاملات شفاف انداز میں عوام کے سامنے لائے جائیں۔
انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ باہمی مسائل کے حل کے لیے سفارتی رابطوں اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکومتی عندیے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ امن و امان کی صورتحال کو جواز بنا کر صوبے کے کسی بھی علاقے کو بلدیاتی نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئی پی پیز اور پیٹرولیم لیوی جیسے ٹیکسوں کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم کی درخواست پر ملتان سے اسلام آباد جانے والا لانگ مارچ مؤخر کیا گیا تھا، تاہم اگر حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو یہ مارچ نومبر کے وسط میں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور ان کا اجلاس بھی شیڈول ہے۔ جماعت اسلامی نے حکومت سے پیداواری لاگت میں کمی، معیشت کی بہتری اور عوام کو روزگار کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہی ہے اور 26ویں، 27ویں اور مجوزہ 28ویں آئینی ترامیم سمیت ہائبرڈ نظام کو مزید تقویت دینے کی کوششوں کی مخالفت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جاری رہے گی۔







