متحدہ عرب امارات سے بحرین، کویت اور خطے کے بعض دیگر مقامات کے لیے فضائی رابطے خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال کے باعث متاثر ہوگئے ہیں۔ متعدد ایئرلائنز نے پروازیں منسوخ کرنے، شیڈول میں تبدیلی اور مسافروں کو سفری ہدایات جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات سے آپریٹ کرنے والی بڑی ایئرلائنز ایمریٹس، اتحاد ایئرویز، فلائی دبئی اور ایئر عریبیہ کی متعدد پروازیں حالیہ صورتحال سے متاثر ہوئی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس ضرور چیک کریں، کیونکہ سیکیورٹی صورتحال کے باعث آخری وقت میں بھی تبدیلی ممکن ہے۔
بحرین کے لیے اتحاد کی 6 پروازیں منسوخ
اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی کے شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان 6 پروازیں 21 اگست تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ مسافروں کو متبادل سفری انتظامات اور ری بکنگ میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
ایمریٹس نے بھی مسافروں کو فلائٹ اسٹیٹس چیک کرنے کی ہدایت کردی
ایمریٹس کی دبئی سے کویت اور بحرین جانے والی بعض پروازوں کے حوالے سے بھی صورتحال تبدیل ہوتی رہی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق متاثرہ پروازوں کا حتمی اسٹیٹس روانگی سے تقریباً 24 گھنٹے قبل دستیاب ہوگا۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل ایئرلائن کے فلائٹ اسٹیٹس سسٹم سے تازہ معلومات حاصل کریں۔ بعض مسافروں کو سفری تاریخ بغیر اضافی فیس تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ایئر عریبیہ کی 5 پروازیں منسوخ
ایئر عریبیہ کی 5 پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں، جن میں شارجہ سے بحرین اور کویت جبکہ ابوظہبی سے کویت جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل اپنی مخصوص پرواز کا اسٹیٹس لازماً چیک کریں۔
فلائی دبئی کی پروازیں جاری، مسافروں کو اضافی وقت رکھنے کی ہدایت
فلائی دبئی کے مطابق کویت، بحرین اور سعودی عرب کے لیے اس کی پروازیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں، تاہم مسافروں کو سفری صورتحال میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر اپنی پرواز کا اسٹیٹس پہلے سے چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دبئی سے سفر کرنے والے مسافروں کو کم از کم چار گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے، جہاں ممکن ہو آن لائن چیک اِن مکمل کرنے اور ایئرپورٹ تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دیگر عالمی ایئرلائنز کی پروازیں بھی متاثر
خلیجی خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی اپنے آپریشنز میں تبدیلیاں کی ہیں۔
برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے پروازیں 25 اکتوبر تک معطل رکھنے جبکہ دوحہ اور ریاض کے لیے پروازوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلپائن ایئرلائنز کی دبئی سروسز 2 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔ ایئر فرانس نے بھی ریاض، دبئی اور بیروت کے لیے اپنی بعض پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترکش ایئرلائنز نے دبئی اور ابوظہبی کے لیے پروازیں بحال کردی ہیں، تاہم ایران کے لیے فضائی سروسز تاحال معطل ہیں۔
ایئر کینیڈا نے دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازوں کی معطلی میں مزید توسیع کی ہے، جبکہ دبئی سروس جنوری 2027 کے وسط تک بحال ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
سنگاپور ایئرلائنز نے بھی دبئی کے لیے پروازوں کی بحالی 24 اکتوبر تک مؤخر کردی ہے۔
ایئرلائنز نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر ٹکٹ اور سفری منصوبے بنانے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ یا فلائٹ اسٹیٹس سسٹم سے تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔







