بحیرۂ احمر میں بھارتی مال بردار جہاز حملے کے بعد ڈوب گیا، عملہ محفوظ

0

اسلام آباد / بحیرۂ احمر: یمن کے مغربی ساحل کے قریب بحیرۂ احمر میں ایک بھارتی مال بردار جہاز کو حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے بعد جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور بعد ازاں وہ سمندر میں غرق ہوگیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کے دوران جہاز کے کئی عملہ ارکان زخمی ہوئے، تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ جہاز کے عملے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ابتدائی حفاظتی اقدامات بھی کیے۔

بحری سلامتی کے اداروں کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور جہاز کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن نقصان زیادہ ہونے کے باعث جہاز کو بچایا نہ جا سکا اور وہ سمندر برد ہوگیا۔

دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ ڈوب گیا۔ وزارت کے مطابق جہاز پر سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بحیرۂ احمر میں گزشتہ کئی ماہ سے تجارتی جہازوں پر ہونے والے حملوں اور بحری نقل و حمل کو لاحق خطرات کے تناظر میں مختلف امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مرحلے پر کسی بھی فریق کو ذمہ دار قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

یاد رہے کہ بحیرۂ احمر اور باب المندب دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان راستوں میں کشیدگی کے باعث عالمی تجارتی سرگرمیوں، خصوصاً تیل اور گیس کی ترسیل، پر نمایاں اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جبکہ شپنگ کمپنیوں کو بھی اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں