بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

0

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

گلگت بلتستان کے گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو اور شگر سمیت حساس علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی کے حساس علاقوں کو بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت متعدد علاقوں میں اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

این ای او سی کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم، توچی، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کی صورت میں نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ شہری علاقوں کے نشیبی مقامات اور رابطہ سڑکیں زیرِ آب آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں