اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے دوران سربراہانِ مملکت کی نقل و حرکت کے لیے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی خاطر 6.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری سے متعلق سمری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کابینہ ڈویژن نے 30 گاڑیوں کی خریداری کے لیے 12.6 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ طلب کی تھی، تاہم ای سی سی نے غور و خوض کے بعد 6.6 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی۔
حکام کے مطابق پاکستان ستمبر 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ای سی سی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ مزید گاڑیوں کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں جامع ضرورت کا جائزہ لے کر معاملہ دوبارہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
اجلاس میں تمباکو کی فصل کی کم از کم اشاری قیمتوں اور مالی سال 2026-27 کے لیے سیس کی شرحوں میں نظرثانی کی تجویز بھی زیر غور آئی، تاہم ای سی سی نے مزید ٹھوس جواز اور تجزیے کی ضرورت کے پیش نظر معاملہ مؤخر کرتے ہوئے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو نظرثانی شدہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات بھی منظور کرلیں، تاہم اس کے لیے تجویز کردہ ضروری حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کی شرط عائد کی گئی۔
اجلاس میں فاطمہ فرٹ اور ایگری ٹیک کو موجودہ انتظام کے تحت 30 ستمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی تجویز بھی منظور کی گئی۔
علاوہ ازیں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے دانش اسکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے 5 ارب روپے بطور سیڈ منی فراہم کرنے کی سمری بھی منظور کرلی گئی۔ یہ رقم اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت برقرار رکھی جائے گی۔
ای سی سی نے پاکستان اسکلز امپیکٹ بانڈ پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو 30 ستمبر 2026 تک اس اقدام پر ٹھوس پیش رفت سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔







