تحریک کشمیر ناروے کے پلیٹ فارم سے آج بروز منگل 5 اگست 2025 کو یومِ استحصالِ کشمیر وفلسطین اوسلو پارلیمنٹ کے باہر ایک بڑاپرامن مظاہرہ کیا گیا
اس شاندار پروگرام کا باقاعد ہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کا شرف عبداللہ عزیز الرحمن کو حاصل ہوا۔

پروگرام کی نقابت کے فرائض تحریک کشمیر کے صدر جناب محترم سید شاہ حسین کاظمی صاحب نے ادا کیے۔

مظاہرے کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے کیے گئے غیر آئینی اقدامات، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف عالمی ضمیر کو بیدار کرنا اور مظلوم و معصوم عوام کی آواز کو اقوام عالم تک پہنچانا تھا۔
مظاہرے میں نارویجن شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، کشمیری پاکستانی اور احباب العرب مسلم کمیونٹی کے ساتھ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بینرز کشمیر و فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر و فلسطین کے حق میں انسانی حقوق کی آزادی کے نعرے درج تھے ۔













اس موقع پرمقررین نے اپنے خطابات میں 5 اگست 2019 کو بھارت کی اقوامِ متحدہ کے متعلق قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں غیر قانونی قبضے کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش اور دہشت گرد اسرائیل کی 2023 کو ایسی ہی ظالمانہ کاروائیاں فلسطین میں کر کے فلسطین کے مظلوم و معصوم عوام کو انکی اپنی سرزمین سے علیحدہ کرنے کی ناپاک کوششوں کی شدید مذمت کی۔
مقررین میں استاد محترم حافظ مولانا محبوب الرحمن، فلسطینی فلاحی تنظیم کے سینیئر رہنما احمد عبداللہ ، چودھری نزر حسین، چودھری خالدمحمود میتا، چودھری رفاقت علی، چودھری حاجی محمد افضال، شاہد تنویر بٹ، فرودے لاسلہ فیلپسستا اور ایک نارویجن محترمہ
شامل تھیں۔




پرامن مظاہرہ دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور ایک گھنٹے تک جاری رہا جس میں کشمیر اور فلسطین کے حق میں تقاریر اور نعرے بازی اور دعاؤں کے ساتھ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا، مظاہرے میں مذہبی، سماجی، سیاسی، خواتین اور بچوں سمیت نارویجن اردو الیکٹرانک میڈیا پرنٹ میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی جبکہ پروگرام کی لائیو کوریج نور پاک میڈیا کے ایم ڈی عامر لطیف بٹ نے پیش کی۔
پروگرام کے اختتام پر انجمن حسینیہ ناروے کے امام و خطیب سید مولانا ازوار شاہ صاحب نے امت مسلمہ کے مظلوم و معصوم شہیدوں کے لیے اجتماعی دعا فرمائی۔

تحریر و رپورٹ: انعام الحق سیٹھی










