بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے مداحوں کے لیے دلچسپ خبر سامنے آئی ہے، دونوں کو پہلی مرتبہ ایک ہی فلم میں مختصر کرداروں کے لیے شامل کیے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیم کروڑی بابا کی زندگی پر بننے والی فلم ’ہنومان انش‘ کے سیکوئل میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی ممکنہ شرکت زیرِ غور ہے۔
فلم کی شریک پروڈیوسر نمرا سنگھ کے مطابق پروڈکشن ٹیم نے کئی معروف شخصیات سے رابطہ کیا ہے، جن میں ویرات کوہلی اور انوشکا شرما بھی شامل ہیں۔ تاہم دونوں کی فلم میں شرکت تاحال حتمی نہیں ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق اگر انوشکا اور ویرات فلم کا حصہ بنتے ہیں تو انہیں مختصر کرداروں میں دکھایا جاسکتا ہے اور ان کی شرکت کو نیم کروڑی بابا سے عقیدت کے تناظر میں کہانی سے جوڑا جاسکتا ہے۔
’ہنومان انش‘ نیم کروڑی بابا کی زندگی پر مبنی فلم ہے۔ فلم کی کامیابی کے بعد اسے تین حصوں پر مشتمل سیریز میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بھی سامنے آیا ہے۔
اگر انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شرکت حتمی ہوجاتی ہے تو یہ دونوں کی کسی فلم میں پہلی مشترکہ پیشی ہوگی۔ فی الحال فلم میں ان کی شرکت کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔







