وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ 200 یونٹ تک کے صارفین کو 80 فیص ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے، ہم صارفین کو ریلیف کے حوالے سے مزید اقدامات بھی کریں گے۔
محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس ہوا جس میں حیسکو اور کے الیکٹرک کیلئے متبادل گرڈ اسٹیشن کا معاملہ زیر بحث آیا۔

حیسکو حکام نے کہا کہ اگر جامشورو میں فالٹ آئے تو پورا حیسکو بلیک آؤٹ میں چلا جاتا ہے،
جامشورو کے گرڈ میں فالٹ کا مطلب 13 شہروں کا بجلی سے محروم ہونا ہے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ جامشورو گرڈ بھی تب بلیک آوٹ میں جاتا ہے جب نیشنل بلیک آوٹ ہو، مجھے یاد نہیں کہ جامشورو گرڈ میں الگ سے کوئی فالٹ آیا ہو۔
حیسکو حکام نے کہا کہ ماضی میں بھی جامشورو گرڈ میں فالٹ آیا تھا جس سے پورا حیسکو متاثر ہوا، اس لیے ہم نے متبادل گرڈ اسٹیشن کے لیے درخواست کی ہے، ہم چاہتے ہیں حیسکو کو 220 کے وی کا متادل گرڈ اسٹیشن دیا جائے، حیسکو کو متبادل گرڈ مٹیاری اور نواب شاہ سے دیے جا سکتے ہیں۔
رکن کمیٹی سید وسیم حسین نے کہا کہ جامشورو گرڈ میں فالٹ آنے سے پورا کراچی بھی متاثر ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ جامشورو گرڈ کا کے الیکڑک کے ساتھ تو کوئی تعلق ہی نہیں ہے،
کے الیکٹرک کا بجلی کا سارا نظام بلکل الگ ہے، کے الیکٹرک اب نیشنل گرڈ سے 600 میگاواٹ تک بحلی لے سکتی ہے، اس سے کے الیکٹرک کے پاس 2000 میگاواٹ بجلی ہو جائے گی۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ متبادل گرڈ کی ضرورت کے حوالے سے پہلے ہم ایک رپورٹ تیار کروالیتے ہیں۔
اجلاس میں این ٹی ڈی سی حکام نے پاور کمیٹی کو بریفنگ دی اور کہا کہ کل ہماری ایسکو کے ساتھ ایک اسٹڈی ہوئی تھی، جس میں ایک نئی گرڈ خاص مقام پر زیر تعمیر ہے، خان پہالہ روڈ، جامشورو سمیت مختلف مقامات پر اگمنٹیشن ہوئی ہے، نئے ٹرانسفارمر نصب کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے کہا کہ 2020 اور 2021 میں ملک بھر میں بلیک آؤٹ جامشورو اسٹیشن کی مکمل بندش کے باعث ہوا تھا، اس وقت جامشورو میں چار ٹرانسمیشن لائنز آن لائن ہیں، جن میں K-2، K-3، چینی منصوبے اور مٹیاری شامل ہیں، تمام مقامی جنریشن کے-الیکٹرک اور دیگر اداروں کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے، سسٹم مکمل انٹیگریٹڈ ہے۔
حکام نے کہا کہ میرپورخاص میں نئی گرڈ اسٹیشن کی تعمیر این جی سی نے شروع کر دی ہے، منصوبہ 2026 میں مکمل ہوگا، یہ گرڈ اسٹیشن ٹنڈو محمد خان اور جامشورو کی ٹرانسمیشن لائن سے منسلک ہوگا، لائن کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔







