سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی)استحکام پاکستان اوورسیز فورم (سویڈن چیپٹر) کے زیر اہتمام “یومِ یکجہتی پاکستان” اور “یومِ تشکر پاکستان” کا پُروقار اور جذبۂ حب الوطنی سے لبریز پروگرام سٹاک ہوم، سویڈن میں منعقد ہوا۔

یہ تقریب چیئرمین ایڈوائزری کونسل یورپ استحکام پاکستان اوورسیز فورم، جناب سعید شیخ کی زیر نگرانی منعقد ہوئی، جس میں ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور کمیونٹی کے نمائندہ افراد کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔







پروگرام کا باقائدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ سجاد احمد نے حاصل کی۔
پروگرام کے میزبان صدر کشمیر کونسل سویڈن اور چیئرمین استحکام پاکستان اوورسیز فورم سویڈن، سردار تمور عزیز کشمیری تھے، جنہوں نے منفرد انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیے اور حاضرین کے جوش و خروش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس تقریب میں بانی و صدر استحکام پاکستان اوورسیز فورم، شہزادہ عثمان طاہر نے خصوصی شرکت کی جبکہ سفارتخانہ پاکستان سویڈن کی نمائندگی ویلفیئر اتاشی جناب اصغر چودھری نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی اور پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس کے بعد مقررین نے باری باری اظہارِ خیال کیا۔ سردار تمور عزیز کشمیری، جنرل سیکریٹری کشمیر کونسل سویڈن محمد اشتیاق خان، وائس پریزیڈنٹ راجہ بلال مصطفیٰ، چیئرمین کشمیر کونسل چودھری ظفر اقبال، عمیر ضیاء بھٹی، آصف بٹ، ابوبکر بٹ، ارشد خان اور حافظ سجاد احمد سمیت متعدد شخصیات نے اپنے ولولہ انگیز خطابات میں پاکستان کی مسلح افواج کو قوم کا حقیقی فخر قرار دیا اور بھارت کی حالیہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی وطن سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور ہر نازک مرحلے پر پاک فوج اور ریاست پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پروگرام میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت اس بات کا ثبوت تھی کہ نئی نسل وطنِ عزیز سے گہری وابستگی اور محبت رکھتی ہے اور قومی وقار کے لیے ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی اور شرکاء نے پُرامن، خوشحال اور خودمختار پاکستان کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
تحریر و خصوصی رپورٹ: ارشد خان







