ناروے میں کرکٹ کے آغاز، ارتقائی سفر اور فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تنظیم شعر و آہنگ کے زیرِ اہتمام ایک منفرد اور معلوماتی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان ’’The Unheard‘‘ تھا۔ پروگرام کا اہتمام طارق میر اور سونیا خان نے کیا۔




نشست کے دوران ناروے میں کرکٹ کے آغاز، ابتدائی مشکلات، کھیل کی بنیاد رکھنے اور اس کے فروغ کے لیے مختلف ادوار میں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر بالخصوص خالد محمود المعروف کپتان جی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جو چند برس قبل وفات پا گئے تھے۔ شرکاء نے ناروے میں کرکٹ کے ابتدائی سفر اور اس کھیل کو متعارف کروانے اور فروغ دینے کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ناروے کی کرکٹ تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔
شہباز طارق نے بھی ناروے میں کرکٹ کی تاریخ سے وابستہ اہم واقعات، دلچسپ حقائق اور ماضی کی یادیں شرکاء کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے ان شخصیات کی خدمات کا ذکر کیا جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے ناروے میں کرکٹ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
یہ نشست ناروے میں کرکٹ کی تاریخ کو محفوظ بنانے اور اس کھیل کی بنیاد رکھنے والی شخصیات کی خدمات کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک قابلِ قدر کوشش تھی۔
اس موقع پر طارق میر، سونیا خان، شہباز طارق اور پوری ٹیم شعر و آہنگ کو اس تاریخی اور معلوماتی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی۔ ’’The Unheard‘‘ کے ذریعے ان کہانیوں اور شخصیات کو یاد کیا گیا جن کی خدمات ناروے میں کرکٹ کی تاریخ کا اہم حصہ ہیں، لیکن وقت کے ساتھ جن کا ذکر کم ہوتا جا رہا ہے۔







