پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ریفرنڈم بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا مسئلہ نہیں بلکہ سندھ اور پنجاب کا معاملہ ہے، جن صوبوں میں یہ مسئلہ موجود ہے وہاں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کیے جانے چاہئیں۔
پشاور میں سولر اور ای بائیک نمائش کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہارنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا اور اس جنگ میں کامیابی حاصل کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ احترام کا رشتہ ہے اور وہ تمام سیاسی رہنماؤں کی عزت کرتے ہیں، تاہم بعض معاملات پر اختلاف رائے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جب شہداء کے حوالے سے بات کی تو اس کا جواب دینا ضروری سمجھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ وہ وفاق کے نمائندے اور صدر آصف علی زرداری کے نامزد کردہ گورنر ہیں، جب صدر کہیں گے تو گورنر شپ چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے وفاقی وزراء کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیانات پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے اپنا مؤقف پیش کیا ہے اور سیاسی معاملات کو اس حد تک کشیدہ نہیں ہونا چاہیے کہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا فضل الرحمان کے خلاف استعمال کیے گئے نامناسب القابات پر معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے شوکت یوسفزئی کے حوالے سے بھی طنزیہ تبصرہ کیا اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تحریک انصاف کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔
گورنر نے صوبے میں گورنر راج کے معاملے پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ صوبے کو بچانے کے لیے گورنر راج لگایا گیا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ اختلافات کے باوجود سیاسی رواداری اور باہمی احترام کو برقرار رکھا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو صوبے میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں شمسی توانائی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے سولر اور ای بائیک نمائش کے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا اور قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی نمائشیں جدید سولر ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔







