آیت الکرسی کندہ زیور پہننے پر کرینہ کپور کو قانونی نوٹس، معافی مانگنے کا مطالبہ

0

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور کو دیوالی کی تقریبات کے دوران آیت الکرسی کندہ قیمتی زیور پہننے پر قانونی نوٹس جاری کردیا گیا ہے، جس میں ان سے عوامی معافی مانگنے اور متعلقہ تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے دیوالی کی تقریب میں اپنے شوہر سیف علی خان کے خاندان سے وراثت میں ملنے والا قیمتی زیور پہنا تھا، جس پر قرآن پاک کی آیت الکرسی کندہ تھی۔

رپورٹس کے مطابق یہ زیور 30 قیراط زمرد پر مشتمل ہے اور بھوپال کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ اداکارہ نے اس کے ساتھ تقریباً 200 سال پرانی تاریخی کلغی بھی پہن رکھی تھی۔

بھارتی سیاسی رہنما عباس حفیظ نے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریا کپور کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اداکارہ سوشل میڈیا سے متعلقہ تصاویر اور ویڈیوز فوری طور پر ہٹائیں، عوامی سطح پر معافی مانگیں اور مستقبل میں مقدس قرآنی آیات کے احترام کو یقینی بنائیں۔

عباس حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کا اعتراض کرینہ کپور کے لباس یا دیوالی کی تقریبات میں شرکت پر نہیں بلکہ قرآنی آیت کو فیشن کے طور پر پیش کرنے پر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس معاملے پر تاحال کرینہ کپور، سیف علی خان یا ان کی نمائندہ ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں