واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے کسی نئے معاہدے کی ضرورت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اب ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں رہی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس ایران کی سیکڑوں ارب ڈالر کی رقم اور آبنائے ہرمز بھی ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
امریکی صدر نے بتایا کہ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے بجائے ڈیموکریٹس کے زیرانتظام امریکی شہروں اور ریاستوں میں مبینہ بدعنوانی اور جرائم کے خلاف کارروائیوں پر توجہ دیں۔
اس سے قبل امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس ایران کی قومی سلامتی سے وابستہ ایک اعلیٰ عہدیدار کے ساتھ براہ راست مذاکرات پر غور کر رہے تھے، تاہم اس مجوزہ ملاقات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اس سے پہلے پاکستان میں ایران کے ساتھ مذاکرات کی قیادت بھی کرچکے ہیں، جن کے نتیجے میں جون میں جنگ روکنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پائی تھی، تاہم چند ہفتوں بعد یہ سفارتی کوشش ناکام ہوگئی۔
صدر ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان مستقبل میں مذاکرات اور سفارتی رابطوں کے امکانات کے حوالے سے نئے سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔







