پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے اور این ایف سی سمیت ہر متعلقہ فورم پر خیبرپختونخوا کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔
شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں میں خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ دلانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
فیصل کریم کنڈی نے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت اپنے صوبے کے حقوق کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی، تاہم اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے جائز حقوق حاصل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی 36 سرکاری جامعات کو مختلف مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جامعات میں غیر ضروری بھرتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے گا جبکہ وائس چانسلرز کے انتظامی امور میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔ جامعات کو ان کے وائس چانسلرز کے فیصلوں اور احکامات کے مطابق چلایا جائے گا۔
گورنر نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی پالیسی اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت سے طے ہوگی، نہ کہ جلال آباد یا کسی دوسری جگہ سے۔
یوم اقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو خودی، خودداری، آزادی فکر اور الگ قومی تشخص کا شعور دیا۔ ان کے عظیم خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ محض شاعر نہیں بلکہ عظیم مفکر اور صاحب بصیرت رہنما تھے۔ ان کا پیغام علم، کردار، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا پیغام ہے۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے بڑے اہداف مقرر کرنے چاہییں۔
گورنر نے خواتین کی تعلیم اور بااختیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بیٹیوں میں ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہیں معیاری تعلیم، مساوی مواقع اور ادارہ جاتی سرپرستی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایک عورت کی تعلیم دراصل پورے خاندان اور معاشرے کی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعات کا مقصد صرف ڈگریاں فراہم کرنا نہیں بلکہ باصلاحیت، باکردار اور باشعور قیادت تیار کرنا بھی ہے۔
تقریب میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، مشیر کھیل و امور نوجوانان سرفراز علی، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ انور، جامعہ کے فیکلٹی ارکان اور طالبات نے شرکت کی۔







