راولپنڈی: شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی میڈیا اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بھائی خرم نے قتل کیس واپس لینے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل خانہ نے مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
جائے وقوعہ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم کا کہنا تھا کہ میرے نام سے منسوب کرکے چلائی جانے والی خبر درست نہیں، ہماری بہن کا قتل ہوا ہے، ہم اس معاملے کو کیسے معاف کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بہن کی دو بیٹیاں ہیں اور واقعے کے بعد سے اب تک ان کی والدہ سے ملاقات نہیں ہو سکی کیونکہ وہ شدید صدمے کی حالت میں ہیں۔ واقعے کے وقت وہ راستے میں تھے کہ انہیں گھر سے فون پر بہن کے قتل کی اطلاع دی گئی۔
خرم کے مطابق ان کی بہن اور بہنوئی بظاہر ہنسی خوشی زندگی گزار رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اہل خانہ کو بتائے کہ واقعے کے روز کیا ہوا تھا۔ اگر ان کی بہن کو ناحق قتل کیا گیا ہے تو مقدمہ آگے بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھر کے ملازم نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بیڈ روم میں گولی چلنے کی آواز آئی تھی۔ پولیس پہلے ملازم کو اپنے ساتھ لے گئی تھی، تاہم بعد میں اسے واپس چھوڑ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کو تاحال واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں اور وہ اس صدمے کو قبول کرنے سے بھی قاصر ہیں۔







