بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، ایک شخص کی 7 بیویاں رجسٹرڈ

0

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام لاہور کی آڈٹ رپورٹ میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس میں ایک شخص کی 7 بیویوں کے اندراج سمیت سرکاری افسران اور ملازمین کو کروڑوں روپے کی امداد دینے کے معاملات سامنے آئے ہیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایک ہی شناختی کارڈ پر متعدد خواتین کو امدادی رقوم ادا کی گئیں۔ ایسے 5 ہزار 598 کیسز سامنے آئے جن میں تقریباً 24 کروڑ روپے کی ادائیگیاں ہوئیں، جبکہ خواتین کے لیے مختص امداد 450 سے زائد مردوں کو بھی دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2022 سے 2024 کے دوران غلط صنفی ریکارڈ کی بنیاد پر مردوں کو 76 لاکھ 41 ہزار روپے ادا کیے گئے۔ اسی طرح سرکاری ملازمین، پنشنرز اور ان کے شریک حیات بھی پروگرام سے مستفید ہوتے رہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق قواعد کے تحت نااہل 12 ہزار 78 افراد کو 51 کروڑ 57 لاکھ روپے سے زائد کی امداد دی گئی۔ مستفید ہونے والوں میں گریڈ 17 سے 20 کے 107 افسران بھی شامل تھے۔

رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ 7 ہزار غیر شادی شدہ خواتین کو ریکارڈ میں شادی شدہ ظاہر کرکے 10 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔

تعلیمی وظائف کے ریکارڈ میں بھی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ 278 سرکاری ملازمین کو طالب علم ظاہر کرکے ان کی ماؤں کو 25 لاکھ 46 ہزار روپے ادا کیے گئے، جبکہ جانچ پڑتال کے دوران 23 افراد ایسے پائے گئے جو تعلیم مکمل کرچکے تھے یا زیر تعلیم ہی نہیں تھے۔

آڈٹ رپورٹ میں طلبہ کے اسکالرشپ فنڈز سے 13 کروڑ روپے سے زائد کی غیر مجاز منتقلی کا بھی انکشاف ہوا۔ پانچ جامعات کی جانب سے اسکالرشپ فنڈز کے درست استعمال کے شواہد بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق امدادی رقوم میں خردبرد کی 8 ہزار 907 شکایات آڈٹ مکمل ہونے تک حل نہیں ہوسکی تھیں، جن میں تقریباً 3 کروڑ 97 لاکھ روپے کی رقم شامل تھی۔

دوسری جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ صنفی اور ازدواجی ریکارڈ میں غلطیاں ابتدائی سروے کے دوران ہوئی تھیں، جنہیں بعد میں درست کردیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق بیشتر شکایات موقع پر حل کردی گئی تھیں جبکہ رقوم کی وصولی سے متعلق ریکارڈ کی تصدیق جاری تھی۔

محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں کی تصدیق، مکمل تحقیقات اور نااہل افراد کو ادا کی گئی رقوم کی وصولی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں