یمن میں جنگ ختم کرنے کے لیے حوثیوں کا سعودی عرب سے 51 ارب ڈالر معاوضے اور حکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ

0

یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے 51 ارب ڈالر معاوضے اور یمن میں اپنی حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے سمیت اہم شرائط پیش کردیں۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثیوں کے حملوں اور آبنائے باب المندب کے قریب اہم علاقوں پر ان کے قبضے کے بعد ممکنہ جنگ بندی کے لیے رابطے کیے تھے۔

مذاکرات سے آگاہ ذرائع کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب سے 51 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہے، جسے سعودی فضائی حملوں اور یمن کی طویل ناکہ بندی سے ہونے والے نقصانات کا معاوضہ قرار دیا گیا ہے۔

حوثیوں نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ سعودی عرب یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت ختم کرے اور حوثیوں کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان زمینی صورتحال میں مزید برتری حاصل کیے بغیر حوثیوں کے ساتھ کسی جامع امن معاہدے کے حق میں نہیں ہیں۔

دوسری جانب سعودی قیادت کو یمن میں مزید اتحادی افواج بھیجنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور ملک کے اندر ممکنہ مخالفت کے خدشات کا بھی سامنا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے تاحال حوثیوں کے مالی اور سیاسی مطالبات تسلیم کرنے کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان کسی حتمی امن معاہدے کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی۔

مبصرین کے مطابق ان مطالبات سے یمن میں پائیدار امن کے قیام کی کوششیں مزید پیچیدہ ہوسکتی ہیں، کیونکہ مالی معاوضے اور سیاسی تسلیم شدگی جیسے معاملات پر اتفاق رائے کسی بھی ممکنہ معاہدے کے لیے اہم چیلنج ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں