عدالتیں بے بس ہیں، انصاف اور ملاقات بھی نہیں کرا سکتیں، سلمان اکرم راجہ

0

پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج عدالتیں بے بس ہوچکی ہیں اور شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں بھی ناکام دکھائی دیتی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کو پہلے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ ان کے مطابق ایک مزدور ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ عدالتیں ملاقات تک نہیں کراسکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کو کسی وقت حراست میں لیا جاسکتا ہے اور انگریز دور کے قوانین استعمال کرکے شہری آزادیاں سلب کی جارہی ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو کنٹرول نہیں کرتی، تاہم پارٹی اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور عوام کو حالات سے آگاہ کرتی رہے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب لوگ احتجاج کے لیے باہر نکلتے ہیں تو ان پر گولیاں چلائی جاتی ہیں۔

پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔ مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جیل میں ہیں اور سیاسی جماعت کی حیثیت سے عوام کے آئینی حقوق کے لیے آواز اٹھانا ان کا فرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں