وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی ہاری تو ڈیموکریٹس کے تمام بل ویٹو کر دوں گا، ٹرمپ

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو شکست ہوئی اور ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کرلی تو وہ مخالف جماعت کی جانب سے پیش کیے جانے والے تمام بل مسترد کردیں گے۔

نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایسی صورت میں وہ خود کو ’’مسٹر ویٹو‘‘ بنا لیں گے اور ڈیموکریٹس کو اپنے سیاسی ایجنڈے پر عمل درآمد کا موقع نہیں دیں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس کے پیش کردہ بلوں کو مسلسل ویٹو کرنے کے بعد بالآخر انہیں مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا اور معاہدے کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق ایک یا دو ماہ تک وقت ضائع ہونے کے بعد ڈیموکریٹس معاملات طے کرنے کے لیے ان سے رابطہ کریں گے۔

امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ ری پبلکن پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی تاکہ انہیں اس حکمت عملی پر عمل کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران اب تک دو مرتبہ ویٹو کا اختیار استعمال کرچکے ہیں، جبکہ پہلی مدت میں انہوں نے 10 بل مسترد کیے تھے۔ امریکی آئین کے تحت صدر کانگریس سے منظور شدہ بل کو ویٹو کرسکتا ہے، تاہم کانگریس کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی ارکان کی حمایت سے صدارتی ویٹو کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

امریکا میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے، جن میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے مزید تین نشستیں جیتنا ضروری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں