بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کا جواب ایک خصوصی ہاتھ سے لکھے پیغام کے ذریعے دیا، تاہم اس مرتبہ وہ ممبئی میں اپنی رہائش گاہ منت کی بالکونی میں آکر مداحوں کو ہاتھ ہلاتے دکھائی نہیں دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال آدھی رات کو بڑی تعداد میں مداح ان کی رہائش گاہ منت کے باہر جمع ہوتے ہیں اور اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر رہتے ہیں۔ یہ روایت کئی برس سے جاری ہے، تاہم رواں سال رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے باعث شاہ رخ خان بالکونی میں نہیں آئے۔
اس کے باوجود مداح رات گئے تک منت کے باہر موجود رہے۔ شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کے لیے رہائش گاہ کے باہر نصب ایک بڑے بل بورڈ پر ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے محبت اور نیک تمناؤں پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے بھی سب کے لیے ڈھیروں پیار ہے۔
اداکار نے اپنے پیغام کے اختتام پر مداحوں کو بڑی سی جپھی دینے کا ذکر بھی کیا اور اپنے دستخط کیے۔
سالگرہ کے موقع پر شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کو ان کی آنے والی فلم کنگ کی تشہیری تصاویر اور مناظر سے بھی سجایا گیا۔ بل بورڈ پر فلم کے دو مکالمے ’’کنگ اکیلا کافی ہے‘‘ اور ’’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘‘ نمایاں طور پر تحریر کیے گئے۔
ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم کنگ 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی، جسے کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔







