اسلام آباد: مصطفیٰ محمود کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کا اجلاس ہوا جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، قیمتوں اور موجودہ صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران اراکین کمیٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ سے متعلق سوالات اٹھائے۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی کا بحران پیدا ہوا ہے، جس سے پیٹرول، ڈیزل اور خام تیل کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں ڈیزل اتنا مہنگا کبھی نہیں ہوا اور حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔
قائمہ کمیٹی کے رکن سید نوید قمر نے پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم لیوی نان ٹیکس ریونیو ہے اور اس پر پارلیمنٹیرینز کا براہِ راست ووٹ نہیں ہوتا، جبکہ لیوی کا اختیار ایگزیکٹو کے ہاتھ میں ہے۔
اس پر وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے اہداف بجٹ میں مختص کیے جاتے ہیں اور ملٹی لیٹرل پارٹنر کی رضامندی کے بغیر لیوی کے ہدف میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کچھ نہیں چھپایا اور متعلقہ تمام معلومات اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم لیوی 80 روپے کی حد تک وصول کی جارہی ہے۔
اجلاس میں رکن کمیٹی معین عامر پیرزادہ نے عوام کو درپیش مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں پر نظرثانی کی جائے۔
وزیر پیٹرولیم نے جواب دیا کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا احساس ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی جو قیمت بنتی ہے، وہ شفاف انداز میں عوام تک منتقل کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کی پانچ میں سے چار ریفائنریوں کے ساتھ یورو فائیو معیار کے ایندھن کی تیاری کے معاہدے ہوچکے ہیں، جبکہ ایک ریفائنری کے ساتھ معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق مقامی ریفائنریاں اپ گریڈیشن کے بعد یورو فائیو معیار کا پیٹرول اور ڈیزل تیار کریں گی۔
قائمہ کمیٹی کے رکن نوید قمر نے سوال کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے سے مکمل طور پر کیوں نہیں نکلتی؟ ان کا کہنا تھا کہ پہلے قیمتوں کا تعین 30 روزہ فارمولے کے تحت ہوتا تھا، پھر حکومت 15 روزہ فارمولے پر آئی اور بعد ازاں ایک روز کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کی طرف چلی گئی، تو روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں کیوں مقرر کی جارہی ہیں؟
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جواب دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین حکومت نہیں بلکہ اوگرا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل علاقائی حالات کے باوجود حکومت نے ملک میں سپلائی چین کو بہتر بنایا اور منافع خوری کے خلاف اقدامات کیے۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں عوام کے کھانے کے اوقات کے دوران گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید بتایا کہ فیول سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جارہا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کے خلاف کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق عالمی اور علاقائی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں اور سپلائی سے متعلق معاملات پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے، جبکہ مقامی سطح پر ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
DISCLAIMER:
This news is based on statements and information presented during the Petroleum Standing Committee meeting and reports available at the time of publication. Statements attributed to officials and committee members represent their respective positions. Petroleum prices, supply conditions and government policies may change as the situation develops. PakNorwayNews does not independently endorse any political or official claim and advises readers to refer to official government and OGRA sources for the latest updates.







