یورپی یونین نے فضائی مسافروں کے حقوق سے متعلق قوانین میں اہم اصلاحات منظور کرلی ہیں، جن کے تحت مسافروں کو ٹکٹ، ہینڈ بیگ، فلائٹ ڈاؤن گریڈ، منسوخی اور متبادل سفر سے متعلق مزید واضح حقوق حاصل ہوں گے۔ نئے ضوابط پر عمل درآمد کے بعد مسافروں کو ان سہولتوں سے 2027 کے وسط سے فائدہ ملنے کی توقع ہے۔
نئے قواعد کے مطابق اگر مسافر نے آنے اور جانے دونوں پر مشتمل ٹکٹ خریدا ہو لیکن کسی وجہ سے آؤٹ باؤنڈ فلائٹ استعمال نہ کرسکے تو صرف اس بنیاد پر اس کی واپسی کی فلائٹ ختم نہیں کی جا سکے گی اور اس پر اضافی فیس عائد نہیں کی جائے گی۔
اسی طرح اگر ایئرلائن مسافر کو اس کلاس سے کم درجے کی کلاس میں منتقل کرتی ہے جس کی اس نے بکنگ کی تھی تو اسے ٹکٹ کی قیمت کے متعلقہ حصے کی رقم واپس کرنا ہوگی۔ یہ رقم پرواز کے فاصلے اور ٹکٹ کی قیمت کے حساب سے مقرر ہوگی۔
ہینڈ بیگ کے معاملے میں بھی نئی سہولت شامل کی گئی ہے۔ بنیادی ٹکٹ میں مسافر کے لیے ایک ذاتی بیگ اور مقررہ سائز کا کیبن بیگ شامل ہوگا، جبکہ ٹکٹ کی قیمت ظاہر کرتے وقت ہینڈ بیگ سے متعلق اخراجات کو واضح کرنا ہوگا تاکہ مسافروں کو بعد میں غیر متوقع فیس کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نئے ضوابط کے تحت 14 سال سے کم عمر بچوں کو والدین کے ساتھ اضافی سیٹ ریزرویشن فیس کے بغیر بیٹھنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ حاملہ خواتین، محدود نقل و حرکت رکھنے والے افراد اور ان کے ساتھیوں کے لیے بھی مخصوص سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پرواز میں تاخیر یا منسوخی کی صورت میں مسافروں کے حقوق بھی مزید واضح کیے گئے ہیں، جبکہ بعض حالات میں ایئرلائن کو متبادل سفر، ہوٹل اور ضروری سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی۔
نئے قوانین کے مکمل نفاذ سے یورپ میں فضائی سفر کے دوران مسافروں کے حقوق زیادہ واضح ہونے اور ٹکٹوں کی قیمتوں و اضافی اخراجات میں شفافیت بڑھنے کی توقع ہے۔ ایئرلائنز کو نئے ضوابط پر عمل درآمد کے لیے قوانین کے نافذ ہونے کے بعد مقررہ مدت بھی دی جائے گی۔







