قیدیوں کو نجی اسپتال میں علاج کی سہولت، وفاقی آئینی عدالت کے اہم ریمارکس

0

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کی طرز پر طبی سہولیات اور نجی اسپتالوں میں علاج کی اجازت سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران جیل مینول کے تحت تمام قیدیوں کے ساتھ مساوی سلوک کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نجی اسپتال میں علاج جیل مینول کے مطابق نہیں، جبکہ قیدیوں کے علاج کے لیے پمز یا پولی کلینک جیسے سرکاری اسپتال موجود ہیں۔ انہوں نے جیل رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت قیدی کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرتی ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ جیل مینول واضح ہے اور تمام قیدیوں کے ساتھ مساوی سلوک ہونا چاہیے۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ اگر جیل مینول پر عمل نہیں کیا جائے گا تو پھر اس کی افادیت کیا رہ جاتی ہے۔

ایک قیدی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو دو ماہ کے دوران آٹھ مرتبہ علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور بہتر طبی سہولیات کے لیے نجی اسپتال منتقل کرنا ضروری ہے۔ وکیل کے مطابق ان کے موکل کی طبی رپورٹس بھی نجی اسپتال میں علاج کی ضرورت کی حمایت کرتی ہیں۔

دوران سماعت وکیل نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق سپریم کورٹ کے ایک مقدمے کا حوالہ بھی دیا۔ چیف جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ اگر اس فیصلے کا اطلاق ان کے مؤکل کے معاملے پر بھی ہوتا ہے تو وہ سپریم کورٹ میں درخواست کیوں نہیں لے کر گئے اور متعلقہ مقدمے میں فریق کیوں نہیں بنے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ اگر درخواست گزار جیل مینول کی بنیاد پر دلائل دے رہے ہیں تو پھر اسی مینول پر عملدرآمد بھی ضروری ہے اور ہر قیدی کے لیے الگ طریقہ کار نہیں ہوسکتا۔

بعد ازاں اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان عدالت پہنچے، تاہم عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

عدالت کے آئندہ سماعت میں نجی اسپتالوں میں قیدیوں کے علاج، جیل مینول کے اطلاق اور تمام قیدیوں کو مساوی طبی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق قانونی نکات پر مزید معاونت متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں