آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی شرط سامنے آگئی، امریکا سے شرائط پوری کرنے کا مطالبہ

0

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ امریکا کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد سے مشروط ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے یہی بنیادی شرط ہے اور جب تک امریکا مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا، اس معاملے میں پیش رفت ممکن نہیں۔

عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات کا فوری مقصد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا نہیں بلکہ سمندری آمدورفت کے لیے ایک نئے بحری راستے کے طریقہ کار پر غور کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران عمان کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے اور نئے بحری راستے سے متعلق منصوبوں کی تفصیلات متعلقہ ممالک کے ساتھ شیئر کرے گا۔

ایران اور عمان کے درمیان یہ بات چیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ یہ گزرگاہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق عمان میں ہونے والی علاقائی ملاقات سے فوری طور پر کسی حتمی معاہدے کی توقع نہیں، تاہم آبنائے ہرمز میں بحری راستوں اور مستقبل کی آمدورفت کے انتظامات پر مذاکرات جاری رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں