کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سیاست کے بعد میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔
54 سالہ جسٹن ٹروڈو نے اپنے سابق چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر ’’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘‘ کے نام سے ایک نئی میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کی ہے۔
نئی کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور لائیو انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں کام کرے گی۔ کمپنی کے مطابق اس کا مقصد ایسی کہانیاں اور تخلیقات پیش کرنا ہے جو لوگوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، روابط اور معاشرتی تعلقات کو فروغ دیں۔
کمپنی کا نام اس جملے سے متاثر ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں کینیڈا کی لبرل پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی تقاریر میں متعدد مرتبہ استعمال کیا تھا۔
جسٹن ٹروڈو 2015 سے 2025 تک کینیڈا کے وزیراعظم رہے۔ انہوں نے جنوری 2025 میں لبرل پارٹی کی قیادت سے استعفیٰ دیا، جس کے بعد مارک کارنی نے کینیڈا کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا۔
وزارتِ عظمیٰ سے علیحدگی کے بعد ٹروڈو سیاسی منظرنامے میں نسبتاً کم دکھائی دیے، تاہم اب انہوں نے میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں نئی پیشہ ورانہ سرگرمی کا آغاز کر دیا ہے۔







