اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے زیرِ اہتمام بیونڈال مسجد فنڈ ریزنگ پروگرام، 42 لاکھ کرون سے زائد عطیات جمع

0

اوسلو: اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے زیرِ اہتمام بیونڈال مسجد کی تعمیر و تکمیل کے لیے 12 ستمبر کو چھلیر ہال میں خصوصی فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد ہوا، جس میں ناروے بھر سے پاکستانی و مسلم کمیونٹی کی خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ ابراہیم بدر صاحب نے حاصل کی، جبکہ عبدالمنان صاحب نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مولانا حافظ حامد علی فاروق صاحب نے انجام دیے۔

اسلامک کلچرل سینٹر اوسلو کے امام و خطیب حافظ مولانا مفتی سلیم اللہ علوی صاحب نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے مسجد کی تعمیر و آبادکاری میں حصہ لینے کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔

پاکستان سے تشریف لانے والے مہمانانِ خصوصی جنید سلیم صاحب اور معروف فنکار افتخار احمد ٹھاکر صاحب نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اسلامک کلچرل سینٹر کے امیر سید رضوان شاہ صاحب، معروف مذہبی و سماجی شخصیت انعام الحق سیٹھی سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کو اس نیک مقصد میں تعاون کی ترغیب دی۔

منتظمین کے مطابق تقریب کے دوران کمیونٹی کی جانب سے بیونڈال مسجد کی تعمیر و تکمیل کے لیے تقریباً 4.2 ملین نارویجن کرون کے عطیات جمع کیے گئے۔

مہمانوں کے استقبال اور انتظامی امور کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ چوہدری رفاقت علی صاحب اور ان کی ٹیم، جن میں چوہدری ناہید اسلم، چوہدری حاجی محمد افضال، چوہدری محمد اسلم چنڈالا اور چوہدری حاجی ناصر شامل تھے، نے انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں۔ ہال کے اندر چوہدری اخلاق احمد اور چوہدری ساجد الٰہی سمیت رضاکاروں نے بھی خدمات سرانجام دیں۔

تقریب کی میڈیا کوریج میں نور پاک میڈیا ناروے کے عامر لطیف بٹ، ناروے جیو نیوز کے نمائندہ ناصر اکبر، سید اعجاز فاروق کاظمی، اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کی ٹیم اور انعام الحق سیٹھی نے حصہ لیا۔ پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا اور فیس بک لائیو کے ذریعے بھی پروگرام کی کوریج کی گئی۔

اختتام پر سید رضوان شاہ صاحب نے تمام مہمانوں، منتظمین، رضاکاروں اور عطیات دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا، جبکہ امام و خطیب چوہدری مولانا مفتی محمد عمران اسجد صاحب نے اجتماعی دعا کرائی۔

منتظمین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بیونڈال مسجد کی تعمیر و تکمیل کے منصوبے کو کامیابی عطا فرمائے، اسے مسلمانوں کے لیے عبادت، اتحاد اور رہنمائی کا مرکز بنائے اور اس نیک مقصد میں حصہ لینے والے تمام افراد کے مال و عمل کو قبول فرمائے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں