خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صوبوں سے متعلق بیان پر کثرتِ رائے سے مذمتی قرارداد منظور کرلی، جس میں وفاقی حکومت سے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی صدارت میں ہوا۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے مریم نواز کے بیان کے خلاف قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ایسے بیانات خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی توہین اور صوبوں کے درمیان بداعتمادی کا باعث بنتے ہیں۔
حکومتی ارکان نے مریم نواز کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی ایک صوبے یا سیاسی جماعت سے جوڑنا قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ہے۔ ارکان نے مریم نواز سے معافی مانگنے اور آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رکن نثار باز نے بھی بیان کو خیبرپختونخوا کے عوام کی توہین قرار دیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رکن آمنہ سردار نے حکومتی ارکان کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے پختونوں کا نام نہیں لیا بلکہ دہشت گردی کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مریم نواز کے بیان کے تناظر میں آئین کے آرٹیکل 6 کے تقاضوں کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے۔
Disclaimer: This report is based on publicly available information and statements made by political representatives. Allegations and political claims have not been independently verified.







