وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سندھ کا پانچ روزہ دورہ، 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں پر زور

0

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ روزہ دورے پر سندھ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے پنجاب اور سندھ کی سرحد پر واقع کامو شہید میں کارکنوں اور عوام سے خطاب کیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق یہ دورہ 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ اور اسٹریٹ موومنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما بھی موجود ہیں۔

کامو شہید میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں اور 27 ستمبر کو ملک بھر سے بڑی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے شرکا سے ڈی چوک یا کراچی جانے کے حوالے سے سوال بھی کیا، جس پر کارکنوں نے ڈی چوک کے حق میں نعرے لگائے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی قیادت عمران خان کا پیغام لے کر سندھ آئی ہے اور سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے بھی پارٹی کارکنوں کے استقبال کو عوامی حمایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا پانچ روزہ دورہ اہم ثابت ہوگا۔

پارٹی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا قافلہ سندھ کے مختلف علاقوں، جن میں گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ شامل ہیں، سے ہوتا ہوا 6 ستمبر کو کراچی پہنچے گا۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق سندھ میں جاری اسٹریٹ موومنٹ کا مقصد عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنا اور 27 ستمبر کی سیاسی سرگرمیوں کے لیے کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں