اسلام آباد: غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے غیر ملکی شہریوں میں سے 63 افراد کو پاکستان سے ملک بدر کردیا گیا۔
حکام کے مطابق ملک بدر کیے جانے والوں میں 36 ویتنامی، 24 چینی اور ایک ملائیشین شہری شامل ہیں، جبکہ مزید دو چینی شہریوں کو بھی ملک بدر کیے جانے کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق غیرقانونی کال سینٹرز سے متعلق کارروائی کے بعد اس وقت 258 غیر ملکی شہری ادارے کی حراست میں ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف امیگریشن قوانین اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق ملک بدر کیے گئے غیر ملکی شہریوں کے نام بلیک لسٹ میں بھی شامل کردیئے گئے ہیں، جس کے باعث ان کے مستقبل میں پاکستان میں داخلے پر پابندی ہوگی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ افراد کے ویزے منسوخ کرکے انہیں ایگزٹ پرمٹ جاری کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
حکام کے مطابق غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کا مقصد ملک میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور امیگریشن قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔







