میر رضا قتل کیس: سندھ ہائی کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کی درخواست مسترد کردی
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے نوجوان میر رضا علی خان کے قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے سے متعلق اہل خانہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو قانون کے مطابق شفاف، غیر جانب دار اور مؤثر تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس محمد جعفر رضا پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مقتول کے والدین اور بہن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جاری فوجداری تفتیش میں براہ راست عدالتی مداخلت مناسب نہیں، جبکہ موجودہ تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔
اہل خانہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں پولیس کی تفتیش پر اعتماد نہیں رہا اور تحقیقات میں خامیاں اور تضادات موجود ہیں، اس لیے عدالت جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے۔
سرکاری وکلا نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ تفتیش ابھی جاری ہے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت حتمی رپورٹ بھی پیش نہیں کی گئی، اس لیے اس مرحلے پر تفتیش میں عدالتی مداخلت قبل از وقت ہوگی۔
عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزاروں کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل جے آئی ٹی کے قیام کے لیے عدالت کو قائل نہیں کرسکے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی اس یقین دہانی کو بھی مدنظر رکھا کہ وہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔
فیصلے کے مطابق ضرورت پڑنے پر تفتیش میں دیگر قانون نافذ کرنے والے یا تحقیقاتی اداروں سے بھی قانونی طریقہ کار کے تحت معاونت حاصل کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت ایک رکنی کمیشن تشکیل دیا جاچکا ہے اور اس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ اہل خانہ کے وکیل نے کمیشن کی تشکیل پر سنجیدہ اعتراض نہیں کیا بلکہ اس پر اعتماد کا اظہار کیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے میر رضا علی خان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدالت ان کے نقصان اور کرب کو سمجھتی ہے، تاہم قانونی تقاضوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے جے آئی ٹی کی درخواست نمٹاتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق تحقیقات جاری رکھے اور معاملے کو جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کرے۔







