لارک جزیرے پر امریکی حملہ، ایران کا جوابی کارروائی کا اعلان

0

تہران: ایران کے لارک جزیرے پر امریکی حملے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز کے قریب لارک جزیرے پر پاسدارانِ انقلاب کے دو راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا۔

امریکی حکام کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگیں لے جانے والے راکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے۔ امریکی مؤقف کے مطابق حملے کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنا تھا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے نتیجے میں متعدد ایرانی اہلکار اور شہری ہلاک و زخمی ہوئے، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد نہیں بتائی گئی۔ ایرانی حکام نے امریکی کارروائی کے جواب میں جوابی اقدام اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایران نے بعد ازاں اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ایرانی مؤقف کے مطابق کنگ حسین اور الازرق اڈوں پر حملے کیے گئے، جبکہ اردن نے کہا کہ اس کی فضائی دفاعی نظام نے آٹھ میزائلوں کو روک لیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

لارک جزیرہ آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے، جو عالمی تیل اور بحری تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔ خطے میں کسی بھی نئی فوجی کشیدگی سے عالمی توانائی کی ترسیل اور تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

حالیہ کارروائی کئی ہفتوں بعد ایران کے خلاف امریکا کی پہلی معلوم فوجی کارروائی قرار دی جا رہی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فوجی کشیدگی دوبارہ شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں