اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارۂ خدمت اور ایک کروڑ روپے نقد انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچے کو بچایا، جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ کے مطابق پمز کے نیونیٹل وارڈ میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات میں سنگین خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسپتال میں آگ یا دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع ایس او پیز اور مناسب تربیت موجود نہیں تھی۔ پمز کے 13 ایس او پیز میں صرف دو ذیلی حصوں میں آگ یا ہنگامی صورتحال کا ذکر پایا گیا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق واقعے کے وقت نیونیٹل وارڈ میں سپروائزری اسٹاف بھی ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا، جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ذمہ داریاں بھی مناسب انداز میں مختص نہیں کی گئی تھیں۔
رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پمز میں فائر سیفٹی کے حوالے سے مطلوبہ انتظامات اور تربیت کا فقدان تھا، جبکہ اس نوعیت کے ہنگامی واقعے سے نمٹنے کے لیے واضح اور جامع طریقہ کار موجود نہیں تھا۔
وزیراعظم نے عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی سفارشات پر کارروائی کرتے ہوئے پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت متعدد افسران کو معطل کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ و فوجداری کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔
معطل کیے جانے والے افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس علی شاہ، نیونیٹل ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغمہ، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، پمز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد عثمان اور سی ڈی اے ایمرجنسی سروسز کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمان شامل ہیں۔
حکومت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے تاہم آگ لگنے کی حتمی تکنیکی وجہ کا تعین ابھی نہیں کیا۔ مزید تحقیقات کے ذریعے واقعے کے اصل سبب اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
نرس رضیہ نورین کی جانب سے شدید خطرے کے باوجود نومولود کی جان بچانے کے اقدام کو وزیراعظم نے غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی قرار دیا ہے۔







