پمز آتشزدگی: شرمیلا فاروقی کا وزیرِ صحت سے استعفے کا مطالبہ

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں نومولود بچوں کی ہلاکتوں پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے سیکریٹری صحت کو عہدے سے ہٹانا کافی نہیں، بلکہ واقعے کی مکمل ذمہ داری کا تعین ہونا چاہیے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی دارالحکومت کے اسپتال وفاقی وزارتِ صحت کے انتظامی دائرے میں آتے ہیں، اس لیے مریضوں کی حفاظت، بنیادی سہولیات اور اسپتالوں کی نگرانی کے حوالے سے وزیرِ صحت بھی جوابدہ ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ اگر سیاسی اور اخلاقی ذمہ داری کا اصول موجود ہے تو وفاقی وزیرِ صحت کو فوری طور پر مستعفی ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک افسر کو عہدے سے ہٹانے سے معاملہ ختم نہیں ہونا چاہیے۔

شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ سیکریٹری کو ذمہ دار قرار دے کر وزیر کو بری الذمہ نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ انتظامی اختیار کے ساتھ سیاسی جوابدہی بھی ضروری ہے۔

پمز میں آتشزدگی کے واقعے میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے بعد اسپتال کی انتظامی نگرانی، حفاظتی انتظامات اور ذمہ داروں کے تعین سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔ واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں