نیپال اور تبت کی سرحدی پہاڑی علاقوں میں اچانک آنے والے شدید سیلاب اور مٹی کے تودوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 150 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ سیکڑوں افراد تاحال لاپتا ہیں۔ متاثرین میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔
نیپال کے ٹورازم بورڈ کے مطابق لاپتا افراد میں 100 سے زائد بھارتی شہری اور 12 برطانوی شہری بھی شامل ہیں۔ دشوار گزار پہاڑی علاقے، خراب موسم اور سیلاب کے باعث امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقامات تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تبت سے سامنے آنے والی ویڈیو اور سی سی ٹی وی مناظر میں پانی اور کیچڑ کا ایک بڑا ریلا سرحدی گزرگاہ کی عمارتوں سے ٹکراتا دکھائی دیتا ہے، جبکہ نیپال سے آنے والی تصاویر میں بھی لوگوں کو اچانک آنے والے سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے دیکھا گیا ہے۔
نیپال کے وزیر خارجہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس تباہ کن صورتحال کے پیچھے ممکنہ طور پر زلزلہ اور اس کے نتیجے میں برفانی تودہ گرنے کا واقعہ ہوسکتا ہے۔ تاہم قدرتی آفت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب تبت میں صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر چینی صدر شی جن پنگ نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ریسکیو اداروں کی جانب سے لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم شدید بارش، دشوار گزار پہاڑی راستوں اور متاثرہ علاقوں تک محدود رسائی کے باعث امدادی سرگرمیاں مشکل ہو رہی ہیں۔
حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں اور کئی متاثرہ علاقوں سے مکمل معلومات موصول نہیں ہوسکیں۔
نیپال میں اس قدرتی آفت کو 2015 کے تباہ کن زلزلے کے بعد ملک کو درپیش بڑی قدرتی آفات میں شمار کیا جا رہا ہے۔ 2015 کے زلزلے میں تقریباً 9 ہزار افراد جان سے گئے تھے۔
امدادی ٹیمیں ملبے، کیچڑ اور سیلابی پانی میں پھنسے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ حکام متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے اور مزید جانی نقصان روکنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔







