اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مراد سعید کی سینیٹ نشست خالی قرار دینے سے متعلق پہلے جاری کیا گیا اعلامیہ واپس لے لیا ہے، جبکہ اس حوالے سے تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مراد سعید نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا تھا، اس لیے وہ آئینی طور پر سینیٹر کی حیثیت سے منصب سنبھالنے کے مرحلے تک نہیں پہنچے تھے۔
کمیشن نے قرار دیا کہ ایسی صورت میں مراد سعید کی نااہلی کے باعث سینیٹ کی کوئی نشست خالی تصور نہیں کی جاسکتی۔ اسی قانونی نکتے کی بنیاد پر پہلے جاری کیا گیا اعلامیہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جلال خان کی درخواست بھی منظور کرلی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر محمد یاسین رضا نے کمیشن کے سامنے مؤقف پیش کیا۔
الیکشن کمیشن کے تازہ فیصلے کے بعد مراد سعید سے منسوب سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کے حوالے سے پہلے جاری کیا گیا عمل بھی ختم ہوگیا ہے۔
اب اس معاملے میں الیکشن کمیشن کا تحریری حکم نامہ ہی آئندہ قانونی اور انتخابی کارروائی کی بنیاد ہوگا۔







