امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی پالیسی کے اعلان کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی چین سمیت دیگر ممالک کو خبردار کردیا ہے کہ تہران کے ساتھ کاروباری روابط جاری رکھنے کی صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور دیگر ممالک کو واضح پیغام دے رہا ہے کہ ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی امریکی حکمت عملی میں تعاون کیا جائے۔
امریکی وزیر خزانہ نے خاص طور پر چین پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف واشنگٹن کی اقتصادی مہم کا حصہ بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھیں گے، انہیں امریکا کی جانب سے سخت اقدامات اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
چین کے ایران کے ساتھ تجارتی روابط برقرار رکھنے کی صورت میں بیجنگ کے خلاف ممکنہ امریکی کارروائی سے متعلق سوال پر اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ بعض معاملات پر بات چیت عوامی سطح کے بجائے نجی طور پر کرنا زیادہ مناسب ہوتا ہے، تاہم چین کو امریکی پروگرام کا حصہ بننا چاہیے۔
چین ایران کے لیے اہم تجارتی شراکت دار سمجھا جاتا ہے اور ایرانی تیل کا بڑا خریدار بھی ہے۔ اسی وجہ سے واشنگٹن کی نئی معاشی حکمت عملی میں چین کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ اس سے قبل بھی ایران کے تیل، شپنگ اور مالیاتی نیٹ ورکس سے مبینہ تعلق رکھنے والی چین اور ہانگ کانگ کی متعدد کمپنیوں اور افراد پر پابندیاں عائد کرچکا ہے۔ جون میں بھی ایران کو عسکری سازوسامان کے حصول میں معاونت فراہم کرنے کے الزام میں چین اور ہانگ کانگ سے وابستہ افراد اور اداروں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کے خلاف ایسی مربوط معاشی پابندیوں کی تیاری کررہا ہے جو کسی ملک کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی تاریخ کی بڑی کارروائیوں میں شامل ہوسکتی ہیں۔
ان کے مطابق واشنگٹن کا مقصد ایرانی حکومت کے آمدنی کے ذرائع محدود کرنا اور اس کی مالی طاقت کو کمزور کرنا ہے تاکہ خطے میں اس کے اتحادی گروہوں کی معاونت کی صلاحیت بھی متاثر ہو۔
امریکی وزیر خزانہ نے بتایا کہ نئی معاشی مہم کی مزید تفصیلات پیر کو پریس کانفرنس کے دوران سامنے لائی جائیں گی۔ ممکنہ اقدامات میں ان ممالک اور کمپنیوں پر بھی اضافی دباؤ شامل ہوسکتا ہے جو ایران کے ساتھ تجارت یا مالی معاملات جاری رکھیں گے۔
بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران پر ’زیادہ سے زیادہ معاشی دباؤ‘ ڈالنے کی پالیسی اختیار کرنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق اگر معاشی دباؤ مؤثر ثابت ہوتا ہے تو ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی کارروائی کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔
تاہم امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ فوجی آپشن کو مستقل طور پر خارج نہیں کیا گیا اور موجودہ حکمت عملی فی الحال معاشی دباؤ پر مرکوز ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ایران کے خلاف نئی معاشی مہم کو انتہائی سخت قرار دے چکے ہیں اور ایران کے ساتھ مالی یا تجارتی روابط برقرار رکھنے والے ممالک کو ممکنہ نتائج سے خبردار کیا ہے۔







