ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان مبینہ علیحدگی کی خبریں اس وقت دم توڑ گئی ہیں جب سنیتا نے طلاق سے متعلق دائر مقدمہ واپس لے لیا۔
گووندا کی ٹیم نے بھی سنیتا آہوجا کی جانب سے طلاق کی درخواست واپس لیے جانے کی تصدیق کردی ہے۔ سنیتا کو ممبئی کی فیملی کورٹ میں اپنے بیٹے یشوردھن آہوجا کے ہمراہ دیکھا گیا، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
عدالت سے باہر نکلنے کے بعد پاپارازی نے سنیتا سے وہاں آنے کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے مختصر جواب دیا کہ وہ “برتھ ڈے منانے” آئی تھیں۔
گووندا کی ٹیم نے کیا وضاحت کی؟
سنیتا کی عدالت آمد کے بعد مختلف قیاس آرائیاں سامنے آنے لگیں، تاہم گووندا کے منیجر ششی سنہا نے صورتحال واضح کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
ان کے مطابق سنیتا نے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا ہے اور یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں سنیتا کے قدرے سنجیدہ یا ناراض نظر آنے پر لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ شاید جوڑے کے درمیان کوئی نیا تنازع پیدا ہوگیا ہے، حالانکہ ان کے بقول دونوں کے درمیان معاملات اب بہتر ہیں۔
طلاق کا مقدمہ کب دائر کیا گیا تھا؟
رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے 5 دسمبر 2024 کو ممبئی کی فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔
مقدمے میں مبینہ بے وفائی، بدسلوکی اور طویل عرصے سے علیحدگی کو بنیاد بنایا گیا تھا۔ تاہم مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد گووندا اور سنیتا کے درمیان طلاق کی قانونی کارروائی فی الحال ختم ہوگئی ہے۔
گووندا اور سنیتا کی شادی
گووندا اور سنیتا آہوجا نے 1987 میں شادی کی تھی۔ دونوں کی ازدواجی زندگی تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے اور ان کے دو بچے ہیں۔
ان کی بیٹی ٹینا آہوجا اور بیٹا یشوردھن آہوجا بھی بھارتی شوبز سے وابستہ ہیں۔
سنیتا کی جانب سے طلاق کا مقدمہ واپس لینے کے بعد گووندا کے مداحوں میں پائی جانے والی تشویش بھی کم ہوگئی ہے۔ جوڑے کے درمیان مبینہ اختلافات سے متعلق خبریں کئی ماہ سے بھارتی میڈیا میں زیر بحث تھیں، تاہم حالیہ پیش رفت سے فی الحال طلاق کا امکان ٹل گیا ہے۔







