اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں عدالت سے عبوری حکم واپس لینے اور نظرثانی کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18 اگست کا عبوری حکم عدالت کے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتا ہے اور اس کے ذریعے قیدی کو جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کے لیے مقرر قانونی طریقہ کار کو نظرانداز کیا گیا۔
جیل سے ہسپتال منتقلی کا قانونی طریقہ کار
چیف کمشنر اسلام آباد نے اپنی درخواست میں پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قیدی کو جیل سے باہر واقع ہسپتال منتقل کرنے کے لیے باقاعدہ قانونی طریقہ کار موجود ہے۔
درخواست کے مطابق دوسرے اسٹیشن کے ہسپتال میں قیدی کو منتقل کرنے کے لیے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کی پیشگی منظوری ضروری ہے، جبکہ منتقلی کے بعد حکومت کو اس حوالے سے فوری رپورٹ بھی فراہم کرنا ہوتی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل سے باہر ہسپتال میں زیر علاج قیدی کی سکیورٹی پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ علاج اور ہسپتال سے متعلق اخراجات محکمہ صحت برداشت کرتا ہے۔
آپریشن کی ضرورت پیش آنے کی صورت میں قیدی کو ممکنہ حد تک مقررہ وقت کے قریب ہسپتال پہنچایا جانا چاہیے اور آپریشن مکمل ہونے کے بعد اسے جلد از جلد جیل ہسپتال منتقل کرنا ضروری ہے۔
چیف کمشنر کو فریق نہ بنانے کا اعتراض
نظرثانی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا حکم چیف کمشنر اسلام آباد کے آئینی اور قانونی اختیارات کو براہ راست متاثر کرتا ہے، تاہم انہیں اس مقدمے میں فریق نہیں بنایا گیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اگر کسی عدالتی حکم کا براہ راست منفی اثر کسی ایسے شخص پر پڑ رہا ہو جو مقدمے میں فریق نہیں تھا تو اسے حکم چیلنج کرنے کے لیے عدالت سے اجازت حاصل کرنے کا حق ہے۔ چیف کمشنر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے میں ان کا براہ راست اور قانونی طور پر محفوظ مفاد موجود ہے۔
درخواست کے مطابق یہ مقدمہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے مقرر ہوا تھا اور متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری کیے بغیر عبوری حکم صادر کیا گیا۔
چیف کمشنر نے آئین کے آرٹیکل 10-A کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منصفانہ ٹرائل اور قانونی طریقہ کار کے تقاضوں کے تحت تمام متعلقہ فریقین کو مؤقف پیش کرنے کا مناسب موقع ملنا چاہیے۔
عمران خان کی صحت سے متعلق مؤقف
نظرثانی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا باقاعدگی سے طبی معائنہ ہوتا رہا ہے اور مختلف مواقع پر میڈیکل بورڈز ان کا جائزہ لے چکے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق سپریم کورٹ نے منسلک مقدمات میں جمع کرائی گئی ایک رپورٹ کی بنیاد پر عمران خان کی صحت کے حوالے سے بگاڑ کا ابتدائی تاثر قائم کیا، تاہم اس رپورٹ میں صحت مزید خراب ہونے کی کوئی واضح نشاندہی موجود نہیں تھی۔
چیف کمشنر نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی اور تکنیکی نوعیت کے معاملات میں عدالت کو ماہرین کی رائے لینی چاہیے تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی طبی ماہر سے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد یہ طے کیا جاسکتا تھا کہ عمران خان کی صحت میں خرابی کے قابلِ اعتماد شواہد موجود ہیں یا نہیں۔
عمران خان کی دیگر استدعائیں بھی شامل
درخواست کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے کے علاوہ اپنے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف کو علاج میں شامل کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔
عمران خان کی جانب سے اہل خانہ کو ان کی صحت سے آگاہ رکھنے، علاج کے دوران مناسب ملاقات کی اجازت دینے اور طبی معائنے و رپورٹس کی مصدقہ نقول ان کے وکیل کو فراہم کرنے کی استدعا بھی کی گئی تھی۔
چیف کمشنر کی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کے عبوری حکم کے ذریعے عمران خان کی یہ چاروں استدعائیں منظور کرلیں، جس کے نتیجے میں معاملہ عبوری مرحلے میں ہی تقریباً طے ہوگیا اور حتمی فیصلے کے لیے بہت کم گنجائش باقی رہ گئی۔
درخواست گزار کے مطابق عدالت نے مقدمے کے قابلِ سماعت ہونے کے بنیادی سوال کو مؤخر کرتے ہوئے عبوری حکم جاری کیا، جبکہ قیدی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق قانونی تقاضے بھی مناسب طور پر زیر غور نہیں آئے۔
چیف کمشنر نے اسے عدالتی ریکارڈ پر موجود واضح غلطی قرار دیتے ہوئے 18 اگست 2026 کے عبوری حکم پر نظرثانی اور اسے واپس لینے کی استدعا کی ہے۔
عظمیٰ خان کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع
دوسری جانب عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں عظمیٰ خان نے بھی اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہیں۔
اضافی مواد متفرق درخواست کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق تفصیلات بھی شامل ہیں۔
دستاویزات میں مریم نواز کی جانب سے نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاری ہونے والے عدالتی احکامات کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری کو دورانِ قید فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق معلومات بھی اضافی دستاویزات کا حصہ ہیں۔
عمران خان کی صحت کے حوالے سے سابق بین الاقوامی کرکٹرز کی جانب سے تشویش پر مبنی خطوط بھی عدالت میں جمع کرائے گئے ہیں، جبکہ برطانوی پارلیمنٹ میں بانی پی ٹی آئی سے متعلق ہونے والی کارروائی کا ریکارڈ بھی دستاویزات میں شامل ہے۔
اضافی دستاویزات میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو ذاتی معالج تک رسائی دینے سے متعلق احکامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
حکومت کی سپریم کورٹ سے استدعا
چیف کمشنر اسلام آباد نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ انہیں نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کی اجازت دی جائے، 18 اگست کا عبوری حکم واپس لیا جائے اور اسے طے شدہ قانونی اصولوں کے منافی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
اب سپریم کورٹ میں اس درخواست پر ہونے والی کارروائی کے بعد ہی واضح ہوگا کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق 18 اگست کے عبوری حکم پر نظرثانی کی درخواست منظور ہوتی ہے یا نہیں۔







