آبنائے ہرمز میں امارات سے منسلک آئل ٹینکر روک لیا گیا، ایرانی فورسز کا دعویٰ

0

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات سے منسلک ایک آئل ٹینکر کو روک کر قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ واقعے کے باعث خطے میں بحری آمدورفت اور عالمی تیل مارکیٹ پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ایرانی خبر ایجنسی فارس کے مطابق آئل ٹینکر کو آبنائے ہرمز میں ایرانی حکام کی جانب سے مقرر کردہ بحری راستہ اختیار نہ کرنے، مطلوبہ سروس فیس ادا نہ کرنے اور ضروری اجازت حاصل نہ کرنے پر روکا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ٹینکر کو جزیرہ قشم کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے والے تجارتی جہازوں کے لیے مخصوص بحری راستے کی پابندی اور متعلقہ اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے، تاہم مذکورہ ٹینکر نے ان ضوابط کی خلاف ورزی کی۔

ابتدائی طور پر اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی تھی، تاہم بعد میں سامنے آنے والی بحری نگرانی کی معلومات میں لائبیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر “امارا” کی نشاندہی کی گئی، جو 17 اگست کو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کے بعد جزیرہ قشم کے قریب رک گیا تھا۔

ایرانی میڈیا نے جہاز کو ایک اماراتی کمپنی سے منسلک قرار دیا ہے، تاہم جہاز کی ملکیت کے حوالے سے مختلف معلومات سامنے آئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے بھی ٹینکر پر قبضے کے ایرانی دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اماراتی جہازوں سے متعلق پہلے بھی واقعات

یہ پہلا موقع نہیں کہ آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات سے منسلک بحری جہازوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہوں۔

متحدہ عرب امارات نے 14 اگست کو الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے ابوظبی کی سرکاری تیل کمپنی ADNOC سے منسلک ایک جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

اماراتی حکام کے مطابق ایک ہفتے سے بھی کم عرصے کے دوران اماراتی جہازوں سے متعلق یہ تیسرا واقعہ تھا جس کا الزام ایران پر عائد کیا گیا۔

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت میں نمایاں کمی

حالیہ کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت بھی غیر معمولی حد تک متاثر ہوئی ہے۔

شپ ٹریکنگ کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق 15 اگست کو صرف پانچ مال بردار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، جبکہ 16 اگست کو کسی تجارتی جہاز کی آمدورفت ریکارڈ نہیں کی گئی۔ اس کے برعکس گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 31 تجارتی جہاز آبنائے سے گزرے تھے۔

ماہرین کے مطابق بعض بحری جہاز ٹرانسپونڈر بند کرکے سفر کرسکتے ہیں، اس لیے ٹریکنگ کے دستیاب اعداد و شمار مکمل بحری آمدورفت کی عکاسی نہیں کرتے۔ اس کے باوجود اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث دنیا کی اہم ترین توانائی گزرگاہوں میں شامل آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں۔

عالمی تیل مارکیٹ پر اثر

اماراتی آئل ٹینکر کو ایرانی فورسز کی جانب سے روکے جانے کی اطلاعات نے عالمی تیل مارکیٹ میں بھی بے چینی پیدا کی۔

رپورٹس کے مطابق 17 اگست کو برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 2.7 فیصد اضافے کے بعد 90.87 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔

ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی آمدورفت معمول پر لانے کے لیے امریکا کو ایرانی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی، جبکہ امریکا کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت جاری ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے اور یہاں طویل عرصے تک بحری سرگرمیوں میں خلل عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی پر نمایاں اثر ڈال سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں