مینا خان آفریدی کا نام لسٹ سے نہ نکالنے پر ایف آئی اے اور پاسپورٹ حکام کو توہین عدالت کے نوٹس

0

پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کے سابقہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔

عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین روز میں وضاحت طلب کرلی۔

جسٹس اعجاز انور کی عدالت میں درخواست کی سماعت کے دوران مینا خان آفریدی کے وکیل بشیر وزیر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے 24 جولائی کو تحریری حکم کے ذریعے صوبائی وزیر کا نام متعلقہ فہرست سے نکالنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اس حکم پر تاحال عمل نہیں ہوسکا۔

وکیل کے مطابق عدالتی فیصلے کی نقول ایف آئی اے پشاور ریجن اور اسلام آباد کے متعلقہ حکام کو بھی بھجوائی جاچکی ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ مینا خان آفریدی 18 اگست کو ایک سرکاری دورے کے سلسلے میں برطانیہ روانہ ہونا چاہتی ہیں۔ انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے دعوت نامہ بھی موصول ہوچکا ہے جبکہ سفر کے لیے ٹکٹ بھی حاصل کیا جاچکا ہے۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا صوبائی وزیر کا نام اب بھی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے۔ جواب کے لیے مہلت مانگنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر امیگریشن کو عدالت میں طلب کیا گیا، جنہوں نے تصدیق کی کہ نام تاحال فہرست میں موجود ہے۔

عدالت نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو شوکاز نوٹس جاری کیے۔

پشاور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کو تین دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ دونوں افسران کو 21 اگست کو ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں