اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوہر پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں گرفتار خاتون آمنہ سعید کی ضمانت کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کی، جہاں عدالت نے واقعے اور تفتیش سے متعلق پولیس سے مختلف سوالات کیے۔
مقدمے کے مدعی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو متعدد مرتبہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس کے جسم پر زخموں کے نشانات آئے۔ وکیل کے مطابق پولیس نے کارروائی کے دوران ایک لوہے کا راڈ بھی برآمد کیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے یہ بھی دریافت کیا کہ ملزمہ نے مبینہ تشدد کے بعد اپنے شوہر کو اسپتال منتقل کرنے میں مدد کی تھی یا نہیں۔
خاتون کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ غصے کی کیفیت میں پیش آیا اور مقدمے سے جڑے بعض خاندانی معاملات ایسے ہیں جنہیں وہ عدالت کے سامنے زیر بحث نہیں لانا چاہتے۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ آمنہ سعید فلسفے میں پی ایچ ڈی کرچکی ہیں۔
مدعی کے وکیل نے مزید الزام عائد کیا کہ خاتون نے اپنے شوہر کے علاوہ اپنی دو بیٹیوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے ملزمہ کی ذہنی حالت کے حوالے سے بھی سوال کیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتاری کے بعد خاتون کا ذہنی توازن جانچنے کے لیے کوئی طبی معائنہ نہیں کرایا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد آمنہ سعید کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔







