کراچی سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے، جبکہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات تسلیم ہونے تک ملک گیر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تحریری شکل میں ملنے کے بعد ہی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ٹرانسپورٹرز کے مطابق حکومتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں ان کے تحفظات دور نہیں ہوسکے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ماضی میں زبانی یقین دہانیوں پر احتجاج ختم کیا گیا، لیکن وعدوں پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوا، اس لیے اس بار تحریری ضمانت اور عملی اقدامات کے بغیر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے گئے اور وہ مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ بات چیت چاہتے ہیں، تاہم اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔
ملک گیر ہڑتال کے باعث مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے۔ اہم شاہراہوں اور ٹول پلازوں پر بڑی تعداد میں ٹرک اور دیگر مال بردار گاڑیاں کھڑی ہیں، جبکہ بعض مقامات پر احتجاجی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
صوابی میں موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے ٹول ٹیکس میں کمی اور دیگر مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی ٹرانسپورٹرز کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے ٹیکسز، مبینہ طور پر گاڑیوں کی غیر قانونی حراست اور زائد ٹول ٹیکسز سمیت مختلف مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔
پہیوں کی اس طویل بندش کے باعث صوبے میں سپلائی چین متاثر ہونے لگی ہے، جبکہ فیکٹریوں، کاروباری مراکز اور مارکیٹوں تک خام مال اور ضروری اشیا کی ترسیل میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت اگر مسائل کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کرتی ہے تو مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کیا جاسکتا ہے، تاہم مطالبات پر عملدرآمد تک ملک گیر پہیہ جام جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رہے گا۔







